Friday, October 11, 2013

Poem: 46 - Dard ki shiddat hay aur tanha hoon mein

غزل

درد کی شدت ہے اور تنہا ہوں میں
بے بسی قسمت ہے اور تنہا ہوں میں

دائرے میں دائرہ ہے، راستہ کوئی نہیں
ورطۂ حیرت ہے اور تنہا ہوں میں

آرزوئیں کب کی رخصت ہو چکیں
مجمعِ حسرت ہے اور تنہا ہوں میں

بے حسی کا شہر ہے، آباد ہے
اجنبی خلقت ہے اور تنہا ہوں میں

فکر کو کس نے فلیتہ دے دیا
لفظ ہے، دہشت ہے، اور تنہا ہوں میں

خوف کا بازار، قاتل آڑھتی
زندگی قیمت ہے اور تنہا ہوں میں

بدمعاشی گھر گئی اشراف کے
جُرعۂ ہمت ہے اور تنہا ہوں میں

[11 اکتوبر، 2013]

جملہ حقوق بحقِ شاعر ـ بلاگر محفوظ ۔

Poem: 45 - Qatilon nay shehr par qabza kiya, achha kiya

غزل

قاتلوں نے شہر پر قبضہ کیا، اچھا کیا
زندگی کی بزم کو چلتا کیا، اچھا کیا

وہ جو رنگا رنگ تھیں رنگینیاں سی جا بجا
ہائے بد رنگی انھیں بھدا کیا، اچھا کیا

چشمۂ شفاف تھا اور چار سو تھی تازگی
دھوئیں تلواریں، اسے گدلا کیا، اچھا کیا

تیشۂ سنگین سے ٹکرائی جو شمع کی لو
غیض نے سورج کو ہی بجھتا کیا، اچھا کیا

کونسا پہلے یہاں بہتی تھی نہریں دودھ کی
ہر روش کو خون آلودہ کیا، اچھا کیا

[22 سمتبر، 2013]

جملہ حقوق بحقِ شاعر ـ بلاگر محفوظ ۔